ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / انجمن ڈگری کالج اینڈ پی جی سنٹر بھٹکل کا خوبصورت سالانہ جلسہ :طلبا کی تہنیت اورایوارڈ

انجمن ڈگری کالج اینڈ پی جی سنٹر بھٹکل کا خوبصورت سالانہ جلسہ :طلبا کی تہنیت اورایوارڈ

Sun, 23 Apr 2017 19:08:09    S.O. News Service

بھٹکل:23/اپریل(ایس اؤنیوز)انجمن ڈگری کالج اینڈ پی جی سنٹر بھٹکل کا 49واں سالانہ جلسہ23اپریل بروز اتوار کو انجمن کالج صحن میں منعقد ہوا، جس میں ہونہار طلبہ کو ایوارڈ کے ساتھ ساتھ مختلف میدانوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے پر اُن کی تہنیت کی گئی۔

سالانہ جلسہ کا آغاز بی کام 2سمسٹر کے متعلم حسن ابن عبدالعلیم قاضیا کی خوبصورت تلاوت ِ قرآن سے ہوا۔ کالج کےطلبا نے مہمانوں کی گل پوشی کی ۔ بی کام فائنل ائیر کے محمد نوح محتشم اوربی کام 4سمسٹر کے مہیمن سعدا نے مہمانوں کا تعارف پیش کیا۔ کالج فنکشن چیرمن پروفیسر ایم ایم ملک نے استقبالیہ کلمات پیش کئے تو فائنل ائیر کے نذیف مانیگار نے غزل پیش کی۔ اس کے بعد کالج پرنسپال پروفیسر ایم کے شیخ نے کالج رپورٹ کی خواندگی کی۔

مہمان ِ خصوصی کی حیثیت سے شریک کرناٹکا یونیورسٹی دھارواڑ کے شعبہ سماجیات کے ڈاکٹر شوکت عظیم نے جنریشن گیپ پر روشنی ڈالتے ہوئے اس بات کا جائزہ پیش کیا کہ آج کے طلبا اور پروفیسر حضرات کے درمیان دوریاں کیوں ہےاور اس کو قربت میں کیسے منتقل کیا جاسکتا ہے۔ مہمان ِ اعزازی ہلیال کے سرکاری میڈیکل افسر ڈاکٹر محمد سلیم الکل نے بہترین اندازمیں طلبا کو مختلف سچے واقعات کے ذریعے ترقی کرنے کی ترغیب دی۔

اس کے بعد مہمانوں نے کھیل کے میدان میں یونیورسٹی بلیو بنے کالج کے طلبا بی کام فائنل ائیر کے سید عبدالبدیع ، بی کام 4سمسٹر کے نصیف احمد اور بی کام 2سمسٹر کے نوید احمد کی شال پوشی کرتے ہوئے تہنیت کی  ۔اسی طرح یونیورسٹی کی سطح پر تیسرا رینک حاصل کرنے والے بی کام کے شارف قاضیا کو بھی نقدانعام سے نوازتے ہوئے تہنیت کی گئی ۔ کالج طلبا میں سےفائنل بی کام کے سید نبھان کوبہترین وداعی متعلم اور بیسٹ این سی سی کیڈٹ ، پی جی سنٹر سے دیویا پربھو کو بہترین وداعی طالبہ، بی کام فائنل کے عفنان کولا کو ہمہ صلاحیت متعلم اور فائنل بی کام کے ہی عبدالبدیع کو اسپورٹس چمپئین شپ کے ایوارڈ سے نوازاگیا۔

اس کے علاوہ مسٹر پنکچویل ، سمسٹر ٹاپرس، 100نمبرات حاصل کرنےو الے طلبا و طالبات ، ثقافتی مقابلہ جات میں جیت حاصل کئے ہوئےاور مختلف میدانوں میں کارکردگی کامظاہرہ کئے  ہوئےطلبا و طالبات کے درمیان انعامات  تقسیم کئے گئے ۔ پی جی کی متعلمہ دیویا پربھو نے آخر میں شکریہ اداکیا۔ اس موقع پر ڈائس پرانجمن کے صدر عبدالرحیم جوکاکو، کالج بورڈ سکریٹری جاوید حسین آرمار، نائب پرنسپال محمد سہیل مجاورموجود تھے۔ جلسہ میں انجمن کے ایڈیشنل جنرل سکریٹری محمد اسحق شاہ بندری، اسکول بورڈ سکریٹری محمد آصف دامودی سمیت انتظامیہ کے عہدیداران ، ممبران ، والدین اور طلبا کی کثیر تعداد موجود تھی۔


Share: